نئی دہلی، 28/دسمبر(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان فضائیہ کے سابق سربراہ ایس پی تیاگی کے خلاف لگے بدعنوانی کے الزامات کے پیش نظر فضائیہ سربراہ مارشل اروپ راہا نے آج کہا کہ خریداری کے عمل میں کئی ایجنسیاں شامل ہوتی ہیں اور کوئی بھی کسی ایک تنظیم یا ایک سروس کو ذمہ دار نہیں ٹھہرا سکتا۔تیاگی کو حال میں ضمانت دی گئی تھی۔انہوں نے کہا کہ سارے فیصلے اجتماعی طور پر لئے گئے تھے اور صرف ایک انہیں ذمہ دار ٹھہرانا غلط ہے۔فضائیہ کے سربراہ راہا سے پوچھا گیا تھا کہ بدعنوانی کے الزامات سے دفاعی سودے بحران میں پھنس گئے ہیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ کئی دہائیوں سے مبینہ بدعنوانی کی جانچ ہونے کے باوجود بدعنوانی میں ملوث لوگوں پر تفتیشی ایجنسیاں کوئی ٹھوس کارروائی نہیں کر پائی ہیں۔سال کے آخری دن عہدے چھوڑنے سے پہلے راہا نے نامہ نگاروں سے کہاکہ اگر بدعنوانی کے یہ الزامات ثابت ہو جاتے ہیں، تو مسلح افواج کے لیے یہ برا ہے یا جو بھی اس میں ملوث ہے اس کے لیے برا ہے۔خریداری کے عمل میں صرف مسلح افواج شامل نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ کئی ایجنسیاں اس میں شامل ہیں، اس لیے آپ صرف ایک تنظیم یا سروس پر ذمہ داری نہیں ڈال سکتے۔تیاگی نے کہا ہے کہ ان کے ساتھ وزارت دفاع کے سینئر افسران، اسپیشل سیکورٹی گروپ(ایس پی جی)اور وزیر اعظم کا دفتر بھی فیصلہ سازی کے عمل میں شامل ہے۔